کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرائم منسٹریوتھ پروگرام نے لاہور قلندرز کے تعاون سے ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ کے اختتام پر ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل لیگ 2025 کا اعلان کر دیا ۔ ٹیلنٹ ہنٹ میں 15 سے 25 سال کی عمر کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اور گلگت بلتستان ، وفاق ، کشمیر سے صوبائی مرحلے کے اختتام پر بہترین مرد وخواتین کھلاڑیوں کو اسلام آباد میں 4 دسمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹورنامنٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ قومی مرحلے میں 10،10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ لیگ اسلام آباد کے کپٹل اسمارٹ سٹی میں لاہور قلندرز کے نئے ہائی پرفارمنس سینٹرمیں کھیلی جائے گی ۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے کرکٹ پروگرام کی آپریشنل قیادت لاہور قلندرز کے ذمے ہے جو پی ایس ایل کی سب سے قیمتی ٹیم کے طور پر پہچانی جاتی ہے اور پاکستان میں کھلاڑیوں کی منظم ترقی کے لیے سرکردہ ادارہ ہے۔وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم اس اقدام کے ذریعے وزیرِاعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنا سکے۔