کراچی (اسٹاف رپورٹر) دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اور کراچی بلوز ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل میں پیر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہونگی ۔ کراچی بلوز لیگ میچوں میں سب سے زیادہ 161 پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں پہنچی ہے جبکہ سیالکوٹ نے155 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ سیالکوٹ نے گزشتہ سیزن کے فائنل میں پشاور کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں متوازن ہیں۔ کراچی بلوز کی بیٹنگ کو نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ سے زبردست حوصلہ ملا ہے جو ٹورنامنٹ میں 4 سنچریوں اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 930 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔ شان مسعود نے2 سنچریوں اور2 نصف سنچریوں کی مدد سے 562 رنز اسکور کیے ہیں۔ بولنگ میں کراچی بلوز کے ثاقب خان 38وکٹیں حاصل کرکے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ سیالکوٹ کی جانب سے اذان اویس نے تین سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 790 ، محمد حریرہ نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 560 رنز بنائے ہیں۔ محمد حریرہ کا یہ مسلسل پانچواں قائداعظم ٹرافی فائنل ہوگا۔ 2023 میں فیصل آباد جبکہ 2020 اور2021 میں ناردن کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ بولنگ میں محمد علی28 اور مہران ممتاز 24 وکٹوں کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔ سیالکوٹ کے کپتان اسامہ میر کا کہنا ہے کہ ٹیم اسی مائنڈ سیٹ کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے جس طرح اس نے پچھلے سیزن میں کھیلا تھا اور چیمپئن بنی تھی۔ اس مرتبہ ہمارے بولرز کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ ہم نو میں سے صرف ایک میچ ہارے ہیں ۔ کامبی نیشن اچھا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ فائنل پریشر گیم ہوگا اور یہ پورے سیزن کا نچوڑ ہے لہذا کوشش یہی ہوگی کہ فائنل کو فائنل کی طرح کھیلیں ۔ کراچی بلوز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں ٹیم کا سفر خاصا طویل رہا ہے ۔ کھلاڑیوں کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مواقع دیے گئے ہیں۔ قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی شاندار روایت رہی ہے ۔ فائنل نیا میچ ہوگا، کھلاڑیوں سے یہی کہوں گا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کی کوشش کریں کیونکہ فائنل کھیلنے کے مواقع بار بار نہیں آتے۔ سیالکوٹ سکواڈ میں اسامہ میر ( کپتان ) ، محمد حریرہ ، اذان اویس ( انڈر 21 )، عبداللہ شفیق، محسن ریاض ( نائب کپتان )،عبدالرحمن، محمد ولید، حمزہ نذر، افضال منظور، مہران ممتاز،حسن علی، اطہرمحمود، محمد حسنین، محمد علی، محمد حسنین خان اور کراچی بلوز ا سکواڈ میں سعود شکیل ( کپتان )، شان مسعود ،سعد بیگ ، عبداللہ فضل ،ہارون ارشد، عثمان خان،دانش عزیز، رمیز عزیز، غازی غوری، کاشف بھٹی، محمد اصغر،ثاقب خان، محمد عمر، محمد حمزہ ، مشتاق احمد شامل ہیں۔