کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پرو ہاکی لیگ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، ٹیم منگل کی شب اسلام آباد سے ارجنٹائن روانہ ہوگی، کیمپ کے دوران ناقص سہولت کے باعث کھلاڑیوں کو ٹریننگ میں مشکلات کا سامنا رہا، نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد سے گول پولز غائب ہونے کی وجہ سےقومی ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کی تیاری متاثر ہوئی، عارضی بنیادوں پر گول پوسٹس لگا کر تربیت کرنا پڑی، پرو ہاکی لیگ کا انعقاد ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں 9 سے 14 دسمبر تک ہو گا۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی نگرانی کی۔ انہوں نے کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی نگرانی کی،جس کے بعد ان کے اور پی ایچ ایف کے درمیان اختلافات کی خبریں دم توڑ گئی، ٹیم کے منیجر انجم سعید نےکہا ہے کہ پرو ہاکی لیگ میں ہمیں پہلے مرحلے ارجنٹائن اور ہالینڈ جیسی مظبوط ٹیموں کا سامنا ہوگا، کئی عرصے بعد ہم یورپ کی مشکل اور سخت ٹیموں کے خلاف ایکشن میں ہوں گے،پوری کوشش ہوگی کہ بہتر پر فارمنس سے قوم کو خوشیاں دیں، لیگ میں پاکستانی ٹیم دس دسمبر کو ہالینڈ،12دسمبر کو ارجنٹائن،15دسمبر کو ایک بار پھر ارجنٹائن سے مقابلہ کرے گی۔