• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف درخواست،متعلقہ اداروں سے جواب اور شیڈول طلب

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت ، ایس این جی پی ایل اور اوگرا کو نوٹس جاری کرکے 18دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق شیڈول طلب کرلیا ۔رٹ کی سماعت کے دوران جسٹس سید ارشدعلی نے ریمارکس دیئے کہ رمضان آ رہا ہے رمضان میں بھی گیس نہیں ہوتی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار وکیل عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کوبتایا کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ، محکمہ سوئی گیس شہریوں کو 24 گھنٹے گیس فراہم کرنے کا پابند ہے، سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گیس نایاب ہو جاتی ہے اور چولہے ٹھنڈے پڑجاتے ہیں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری بچوں کو بغیر ناشتے سکول بھیجنے پر مجبور ہیں، آئین کے مطابق گیس پر سب سے پہلے خیبرپختونخوا کے عوام کا حق ہے، اس موقع پر جسٹس سید ارشدعلی نے کہا کہ رمضان بھی آرہا ہے، رمضان میں بھی گیس نہیں ہوتی، متعلقہ ادارے کیا کررہے ہیں متعلقہ فریقین گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق شیڈول پیش کریں، عدالت نے وفاقی حکومت، اوگرہ اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرکے 18 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔
پشاور سے مزید