پشاور(جنگ نیوز)زلمی فاؤنڈیشن نے یو این ویمن اور حکومتِ خیبرپختونخوا کے تعاون سے خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے عالمی 16 روزہ مہم کے سلسلے میں پشاور میں ایک موثر تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا موضوع میدان سے سوشل میڈیا تک: ڈیجیٹل تشدد کے خلاف مضبوط آواز تھا، جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کھیل، ٹیکنالوجی اور کمیونٹی کس طرح مل کر خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔اس سال کی مہم کا خصوصی فوکس ڈیجیٹل صنفی تشدد پر ہے، جس میں سائبر اسٹاکنگ، آن لائن ہراسگی، غلط معلومات پھیلانے کی مہمات، شناخت کی چوری، ڈوکسننگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے نفسیاتی و سماجی نقصان جیسے بڑھتے ہوئے خطرات شامل ہیں۔ چونکہ آن لائن تشدد کے منفی اثرات حقیقی دنیا میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں، اس لیے اس سال کی مہم کی تھیم محفوظ ڈیجیٹل ماحول، مضبوط قانونی تحفظات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔تقریب کا آغاز ڈیجیٹل سیفٹی اسٹالز کے دورے سے ہوا، جہاں شرکاء نے خواتین کی آن لائن حفاظت، رپورٹنگ میکانزم اور سائبر سیکیورٹی کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔