• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے کی ہلاکت، BRT ریڈ لائن کی تعمیرات اور نجی اسٹور حادثے کے ذمہ دار قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال نیپا کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کاگٹر میں گرکر ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات میںبی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات اور نجی اسٹور کو حادثے کا ذمہ دارقرار دیا گیا ہے،جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال،کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر وقار احمد،سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت سمیت متعدد افسران معطل کر دیا گیا ہے،دوسری جانب ریڈلائن بی آرٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب ہماری کوئی سرگرمی نہیں ہورہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال نیپا کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کا گٹر کے میں گرنے کا واقعہ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کردیں۔ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کے مطابق میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی، معائنے میں ثابت ہوا کہ حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں۔ بی آر ٹی کھدائی نے نالے کے پورے نکاسی نظام کو شدید نقصان پہنچایا، عارضی دو فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، یہ طریقہ کار اور غیرمعیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے۔ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا۔ کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا چیز اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گر افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیئے گئے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بچے کے گٹر میں گرنے سے جاں بحق ہونے کے واقعے پر متعدد افسران کو معطل کردیا گیا، محکمہ بلدیات سندھ نے افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض کو معطل کیا گیا ہے۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ اور مختیار کار گلشن اقبال سلمان فارسی کو بھی معطل کیا گیا ہے۔ان افسران کی معطلی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کی گئی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیپا چورنگی پر مین ہول میں گرنے سے 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے پر تمام متعلقہ افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء سانحہ نیپا پر ریڈلائن بی آرٹی کے ادارے نے اپنا وضاحت جاری کی ہے بی آر ٹی نے کے ایم سی کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال کے جائے وقوعہ کے قریب بی آرٹی کی کوئی سرگرمی نہیں ہورہی تھی۔ جائے وقوعہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں سے خاصا فاصلہ رکھتا ہے۔ بی آر ٹی کے منیجر کا کہنا ہے کہ اس مقام پر نہ وہاں کوئی کھدائی جاری ہے اورنہ تعمیراتی رکاوٹیں ہیں سڑک کی تعمیر بھی مکمل اور برقرار ہے بی آر ٹی منیجر نے بتایا کہ سیوریج یا نالے کے نظام کی کوئی انتظامی، یا مرمتی ذمہ داری بی آر ٹی کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہےواقعے کے مقام کے آس پاس یا اس پر کوئی تعمیراتی سرگرمی بھی نہیں ہوئی ہے بی آر ٹی کے جاری کام متعلقہ اداروں کے این او سی کے بعد شروع ہوئے ہیں ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار احمد جعفر کو بھی رات گئے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور ان کا اضافی چارج ڈپٹی کمشنر ملیر کو دے دیا گیا ہے۔ نیپا حادثے کے بعدآئی جی سندھ نے ایک حکمنامے کے تحت گریڈ 19 کے افسر اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید