• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں خیبر پختونخوا جاب فیئر 2025ء کا انعقاد

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں خیبر پختونخوا جاب فیئر 2025ء کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے ہمراہ افتتاح کیا۔ روزگار میلے میں کے ایم یو کے طلبہ‘ فارغ التحصیل نوجوانوں کو براہ راست سرکاری ونجی اداروں، صنعتوں، اسپتالوں، ریکروٹمنٹ ایجنسیوں اور مختلف کارپوریٹ تنظیموں سے جڑنے کا منفرد موقع فراہم کیا گیا۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ، پالیسی سازوں، ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز اور مختلف آجر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خلیق الرحمان نے اس اقدام کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نوجوانوں کو انکی دہلیز پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے‘ جاب فیئرز کا یہ سلسلہ اسی وژن کا حصہ ہے۔ اس سے قبل صوبائی حکومت کی ہدایت پر نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کیلئے پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور اور یو ای ٹی پشاور میں بھی جاب فیئرز منعقد کئے جا چکے ہیں جبکہ کے ایم یو میں منعقد ہونے والا یہ تیسرا بڑا روزگار میلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں ڈاکٹرز، ڈینٹسٹ، نرسز، فزیو تھراپسٹ، پیرا میڈیکس، آپٹومیٹرسٹ، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ، سائیکالوجسٹ، آڈیولوجسٹ، آکیوپیشنل تھیراپسٹ سمیت درجنوں کیریئر مواقع موجود ہیں جن کیلئے اس جاب فیئر نے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
پشاور سے مزید