کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرین محمد حسین باقری، مشاہد حسین سید اور ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ ایران میں رجیم چینج کا تصور نہیں پایا جاتا۔ ایرانی عوام کی واضح اکثریت بھی موجودہ رجیم کے ساتھ ہے ۔ اسرائیل نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ ایران میں سپریم لیڈر کو اتنی آسانی سے کیسے نشانہ بنا لیا گیا ہے اور رجیم چینج کا کوئی خطرہ موجود ہے اور امریکہ اسرائیل نے جو جنگ چھیڑی ہے اس کے بعد دنیا کہاں جارہی ہے؟صدر زرداری آج جب خطاب کر رہے تھے تو اپوزیشن گو زرداری گو کے نعرے لگا رہی تھی۔ بین الاقوامی امور کے ماہر محمد حسین باقری نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای سے مسلسل درخواست کی جارہی تھی کہ وہ تہران سے اپنی فیملی کے ساتھ کسی محفوظ جگہ یا بنکر میں شفٹ ہوجائیں ان کا یک ہی جواب تھا کہ جب تہران کے عوام اپنے گھروں میں ہیں تو میں کیسے چلا جاؤں میں یہیں رہوں گا ۔ رجیم چینج کرنا تب ہی ممکن ہے جب یہ خامنہ ای کے طرزِ فکر رکھنے والے ہر شخص کو ختم کردیں اور پھر باقاعدہ ایران کی سرزمین پر بذات خود آئیں اور رجیم چینج کرلیں۔