ملتان (سٹاف رپورٹر) درگاہ عالیہ حضرت عظیم الدین شاہ گیلانی الرزاقی، چوک دولت گیٹ ملتان کا 216 واں سالانہ عرس مبارک کی تقریب منعقد ہوئی، عرس کی مرکزی تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما، مشائخ اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب سے سجادہ نشین درگاہ عالیہ مخدوم سید غلام مصطفیٰ گیلانی، سجادہ نشین دربار اوچ شریف مخدوم سید سہیل حسن گیلانی، جماعت اہل سنت پنجاب کے امیر علامہ فاروق خان سعیدی اور سید بہاء الدین شاہ گیلانی نے خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین مخدوم سید غلام مصطفیٰ گیلانی نے کہا کہ حضرت عظیم الدین شاہ گیلانی الرزاقی نے اپنی پوری زندگی عشقِ رسول ﷺ، خدمتِ خلق اور روحانی تربیت کے فروغ میں گزاری۔ آپ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درگاہیں امن، محبت اور برداشت کی علامت ہوتی ہیں اور ہمیں اولیاء اللہ کی تعلیمات کو اپنے کردار کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ معاشرے میں اخوت اور یکجہتی کو فروغ مل سکے۔سجادہ نشین دربار اوچ شریف مخدوم سید سہیل حسن گیلانی نے زائرین پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں خیر، محبت اور انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیں کیونکہ یہی اولیا اللہ کا راستہ ہے۔ جماعت اہلِ سنت پنجاب کے امیر علامہ فاروق خان سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیا کرام نے دین کی تبلیغ کردار کے ذریعے کی اور اسلام کے حقیقی پیغام کو لوگوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عظیم الدین شاہ گیلانی کی خانقاہ ہمیشہ اتحاد، رواداری اور محبت کا درس دیتی آئی ہے۔