ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن افتخار حسین نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا دورہ کیا اور نائب صدر اظہر بلوچ، ایگزیکٹو ممبران اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی، اس موقع پر نوید اقبال چغتائی، خواجہ ندیم شہزاد اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق بھی موجود تھے جب کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی ریلوے صدف اقبال اور پی آر او راؤ تسلیم بھی ڈی ایس ریلوے کے ہمراہ تھے۔ڈی ایس ریلوے افتخار حسین نے کاروباری برادری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کی شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت ریلوے کی اراضی، پٹرول پمپس، ریسٹورنٹس اور دیگر اثاثے لیز پر دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ نجی شعبے کے تعاون سے بہتر سرمایہ کاری اور آمدن میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے صنعتکاروں اور تاجروں کو ان منصوبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔اس دوران ایوانِ تجارت کے اراکین نے ریلوے سفر کے دوران پیش آنے والے مسائل اور سہولیات میں بہتری سے متعلق تجاویز پیش کیں۔