کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) 35و یں قومی گیمز میں اتوار کو سندھ ویمنز نے صوبے کا نام نیٹ بال گولڈمیڈل جیت کر چمکادیا۔ البتہ میڈل ٹیبل پاکستانی آرمی نے شان دار پیش قدمی کرتے ہوئے شوٹنگ اور تائی کوانڈو میں ایک درجن سے زائد گولڈ میڈلز جیت لیے ۔ سندھ نے نیٹ بال کے خواتین ٹیم ایونٹ میں صوبے کے لئے پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا ۔ شوٹنگ مقابلوں میں آرمی نے سات گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی برتری مزید مستحکم کرلی، تائی کوانڈو مقابلوں میں آرمی کے کھلاڑیوں نے 9 گولڈ میڈلز جیتے، پاکستان آرمی20 گولڈ، 6 سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ پاکستان نیوی سات گولڈ،8 سلور اور9 برانز میڈلز کے ساتھ دوسری، پاکستان ایئر فورس چار گولڈ، چھ سلور اور چار برانز میڈلز کے ساتھ تیسری اور کے پی دو گولڈ، دو سلور او رچار برانز میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان واپڈا نے ایک گولڈ، دو سلور اور چار برانز، ایچ ا ی سی نے ایک گولڈ، تین سلور اور تین برانز، سندھ نے ایک گولڈ، ایک سلور اور چھ برانز، بلوچستان نے دو سلور اور دو برانز، پاکستان پولیس نے دو برانز، پاکستان ریلوے نے دو برانز، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان نے ایک ایک برانز میڈل حاصل کیا ہے ۔ 10 میٹرز ائر پسٹل ویمنز میں نیو ی کی رابعہ کبیر نے گولڈ، آرمی کی رمشا ندیم نے سلور اور نیوی کی رسام گل نے برانز ، اسی کیٹیگری کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان نیوی نے گولڈ، آرمی نے سلور اور ایچ ای سی نے برانز میڈل جیتا۔25 میٹرز ریپڈ پسٹل کے انفرادی مقابلوں میں آرمی کے محمد شبیر نے گولڈ، نیوی کے جی ایم بشیر نے سلور اور نیوی کے مقبول حسین نے برانز ، ٹیم ایونٹ میں نیوی نے گولڈ، آرمی نے سلور اور پی اے ایف نے برانز میڈٖل اپنے نام کیا۔ اسکیٹ اولمپک مقابلوں میں آرمی کے امام ہارون نے گولڈ، نیوی کے آصف محمود نے سلور اور آصف علی نے برانز میڈل جیتا۔ ٹیم کیٹیگری میں آرمی نے گولڈ، نیو ی نے سلور اور سندھ نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ سافٹ بال ایونٹ کا افتتاح صدر سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان تہمینہ آصف نے کیا۔ پاکستان پولیس نے سندھ ، بلوچستان نے سندھ کو ہرایا۔ بیس بال میں پاکستان آرمی نے کے پی کے ، واپڈا نے سندھ ، پنجاب نے اسلام آباد کو ہرایا۔ مردوں کی ہاکی میں سندھ نے عبید اللہ، حماد رضوان اور حماد ایاز کے ایک ایک گول کی بدولت کے پی کو ہرا یا۔ پاکستان نیوی نے پنجاب، پاکستان آرمی نے پولیس جبکہ خواتین میں واپڈا نے بلوچستان کو 18گول کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ حمیرا لطیف نے پانچ، سدرہ نے تین،رمشا اور سحر س وحید نے دو دو گول کیے۔ جمناسٹک مقابلوں کے پہلے روز مردوں کے ٹیم ایونٹ میں فلور، پومل ہارس، پیرل بار اور رومن رنگز کے مقابلے ہوئے۔ تائیکوانڈو پومسے ایونٹ میں مختلف کیٹیگریز کے انفرادی مقابلے ہوئے، آرمی نے زیادہ کیٹیگریز میں گولڈ حاصل کیے، انڈر 20 میں آرمی کے سید زوہیب نے گولڈ میڈل جیتا۔ خواتین انڈر 20گولڈ آرمی کی زینہ شیراز کے نام رہا۔ انڈر 30 میں آرمی کی نائلہ نے گولڈ 40 میں گولڈ آرمی کی مہرالنسا نے جیتا، مرد انڈر 30 کا گولڈ آرمی کے عدیل حسین، انڈر 50 گولڈ ارشاد علی کے نام رہا۔ تلوار بازی کے انفرادی مقابلوں میں ایچ ای سی کے عبدالمصور نے گولڈ میڈل جیت لیا ۔ باسکٹ بال ایونٹ میں پاکستان آرمی نے مینز اور ویمنز مقابلوں میں کامیابی سمیٹی ۔ سیلنگ میں پاکستان ایئر فورس نے چار گولڈ اور دو سلورمیڈلز کے ساتھ برتری حاصل کر لی، پاکستان نیوی نے دو گولڈ، دو سلور اور ایک برانز، کے پی نے ایک گولڈ، دو سلور اور ایک برانز، پنجاب نے ایک سلور اور آزاد جموں کشمیر نے ایک برانز میڈل حاصل کیا۔ جوڈو ایونٹ میں پاکستان آرمی نے تین گولڈ اور ایک برانز میڈل جیتا جبکہ واپڈا اور کے پی نے ایک ایک گولڈ میڈلز حاصل کئے۔ مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ میں پی اے ایف نے ایچ ای سی ، کے پی نے سندھ ، واپڈا نے کے پی کو بلوچستان نے نیو ی ، ریلوے نے آزاد جموں کشمیر ، آرمی نے پنجاب جبکہ خواتین ٹیم ایونٹ میں پنجاب نے اسلام آباد ،آرمی نے ایچ ای سی اور کے پی نے سندھ کو شکست دی ، والی بال میں پاکستان آرمی نے سندھ کو پاکستان ائر فورس نے اسلام آباد کو نیوی نے پولیس کو مات دی۔