کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں کو اپنے لیڈر سے لاتعلقی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اس بیانئے کے خلاف ہے کہ فوج اور عوام میں کوئی خلیج موجود ہے،جیل سے بیٹھ کر جو بیانیہ بنایا جارہا ہے وہ کوئی ذہنی مریض ہی کر سکتا ہے ذی شعور نہیں،متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے لیڈر کو بھی پاکستان سے بڑا نہیں مانا اس سے لاتعلق ہوگئے ، حکومت ملک کے خلاف مہم پر نظر رکھے اور اس میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے، وطن عزیز کسی سیاسی عدم استحکام کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،اتوار کو مرکز بہادر آباد میں سینئر مرکزی رہنماؤں سید مصطفیٰ کمال ڈاکٹر فاروق ستار انیس احمد قائم سید امین الحق و دیگر کے ساتھ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے سمجھتے ہیں کہ انکا لیڈرملک سے بڑا ہے تو انہیں فیصلہ کرنا ہوگا، 2018ء میں کراچی کی ایم کیو ایم کی چودہ نشستوں کو چار کرکے اس شہر کو اسکی حقیقی نمائندگی سے محروم کر دیا گیا، لیکن ایم کیو ایم نے قانونی اور سیاسی راستے اپنائے ،ایم کیو ایم سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتی ہے کہ اس معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھیں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک سیاسی جماعت اپنے بیانئے پر قائم نہیں رہ سکی، رواں برس ہم ہندوستان کو شکست فاش دے چکے اب اسکی پراکسی کو بھی شکست دیں گے، کراچی سے زیادہ ٹیکس اور محصول لیا گیا لیکن ہم نے کبھی یہ لب و لہجہ استعمال نہیں کیا جنہوں نے ہم پر الزامات لگائے بعد میں انہوں نے خود اپنے الزامات کی تردید کی ہے پاکستان ہمارا ہے ہم نے اسکے لئے قربانی دی اور دیتے رہیں گے ۔