کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہراہ فیصل پر قوم پرست جماعت کی ریلی کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا،مشتعل افراد کا پولیس اور شہریوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ اور بدتمیزی ،بدترین ٹریفک جام ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کلچرل ڈے کے حوالے سے قوم پرست جماعت کی جانب سے شاہراہ فیصل سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ پولیس نے ایف ٹی سی کے مقام پر رکاوٹیں لگا کر ریڈ زون جانے والا راستہ بند کر دیا اور ریلی کے شرکاء کو متبادل راستے ( لائنز ایریا) سے پریس کلب جانے کی ہدایت جاری کی جس پر ریلی میں شریک افراد کی جانب سے احتجاج شروع کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ریلی کے شرکا شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی جانب بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر متبادل راستے سے جانے کی ہدایت کی تاہم شرکا نے انکار کردیا جس پر دونوں جانب سے تکرار شروع ہوگئی۔ مشتعل مظاہرین نے موقع پر موجود گاڑیوں پر پتھراو کیا جس کے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی ایک موبائل ویڈیو میں مشتعل افراد کو پیپلز بس سروس کی بس پر پتھرائو اور مسافروں کو حراساں کرتے بھی دیکھا گیا۔ ویڈیو میں بس میں موجود خواتین اور بچوں کو خوفزدہ حالت میں دیکھا گیا،ویڈیو میں ملزمان کے چہرے بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ کشیدہ صورتحال کے باعث پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ ریلی کے شرکاء کی جانب سے پولیس پر پتھراو کیا گیا۔ مظاہرین نے پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ ایس ایس پی سائوتھ مہزور علی کے مطابق ایف ٹی سی کے بعد ریڈ زون کا علاقہ شروع ہو جاتا ہے،شہر میں دفعہ 144 بھی لگی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشتعل افراد نے املاک کو نقصان پہنچایا اور روڈ کو بلاک کر کے دونوں ٹریک بند کر دئیے جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا ۔ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا کہ مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس سے تین سے چار اہلکار پتھر لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس کار اور پولیس وین پر بھی پتھراؤ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث 40 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔