• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ آر سی پی کا سزا یافتہ وی سی کی فوری برطرفی کا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) اسد اقبال بٹ نے صدرِ پاکستان سے ملک کے تمام تعلیمی اور قومی اداروں میں ہراسگی سے متعلق ضابطۂ اخلاق اور 2010 کے ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے سزا یافتہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایچ آر سی پی کی جانب سے صدرِ مملکت کو بھیجے گئے خط میں اس امر پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے کہ وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین کی عدالت سے سزا سنائے جانے کے باوجود متعلقہ وائس چانسلر بدستور اپنے عہدے پر موجود ہیں۔ کمیشن کے مطابق یہ صورتِ حال نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ خواتین اساتذہ، ملازمین اور طالبات کے لئے انتہائی مایوس کن اور غیر محفوظ ماحول کو فروغ دیتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہراسگی کے مرتکب افراد کو اعلیٰ عہدوں پر برقرار رہنے دینا قوانین کی شفافیت کو متاثر کرتا ہے اور اس سے ایک ایسا ماحول پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جہاں اثر و رسوخ رکھنے والے افراد احتساب اور قانون کی گرفت سے بچ نکلتے ہیں۔ ایچ آر سی پی نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں اور دیگر قومی ادارے وہ مقامات ہیں جہاں خواتین کو مکمل وقار، اعتماد اور حفاظت کے ساتھ کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔کمیشن نے صدرِ مملکت سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو سختی سے ہدایت کریں کہ ہراسگی کے خلاف قوانین پر بلا امتیاز عمل درآمد کرایا جائے، اداروں میں مؤثر داخلی انکوائری کمیٹیاں فعال کی جائیں اور ہراسگی کی روک تھام کے لئے واضح اور مضبوط اقدامات کئے جائیں۔ایچ آر سی پی نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی برطرفی ایک واضح پیغام دے گی کہ ریاست ہراسگی کے مرتکب افراد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رعایت برداشت نہیں کرے گی اور خواتین کی عزت و وقار کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
اہم خبریں سے مزید