کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے کلچر ڈے کے پردے میں پرتشدد واقعات، گاڑیوں اور قومی املاک کی بے رحمانہ توڑ پھوڑ، اور کھلے عام پاکستان کے خلاف نعرے بازی اور انتہائی دلخراش و ملک دشمن نعرے لگائے جانے پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن اور قومی سالمیت کے خلاف ایک بزدلانہ اور ناقابلِ معافی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پرامن ثقافتی سرگرمیوں کو چند شرپسند اور غدار عناصر نے اپنے مذموم ایجنڈے کے لیے استعمال کیا، جن کا مقصد صرف ملک میں فساد، افراتفری پھیلانا اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا ہے۔ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مجرمانہ سرگرمی پر صرف خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انہیں آزادی حاصل ہے کہ وہ کھل کر ریاستِ پاکستان کے خلاف اپنے نفرت انگیز جذبات کا اظہار کریں۔ ایم کیو ایم پاکستان کسی بھی صورت ملک دشمنی یا کسی بھی قسم کی لسانی و علاقائی منافرت کو برداشت نہیں کرے گی۔