کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی، ایوان نے پیر کو سندھ ریونیو بورڈ میں ترمیمی بل کی منظور ی دیدی، وزیر صحت نے کہا کہ سندھ میں نیوروسرجنز کی کمی ہے، نئی خالی اسامیوں پر بھرتی کے بعد یہ قلت ختم ہوجائیگی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پیر کو سندھ اسمبلی میں محکمہ صحت سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب دیتے ہوئےکہا ہے کہ حکومت سندھ صحت کے شعبے میں لوگوں کو بہترین طبی سہولتیں مہیا کرنا چاہتی ہے۔ صوبے میں 2018 سے 2023 تک خسرے کی وجہ سے 16 اموات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی گنجان آبادیوں میں خسرے کے کیسز ہوتے ہیں جسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگ بچوں کو ویکسین کیلئے نہیں لاتے۔ کراچی میں پولیو اوریچ پی وی ویکسین کے بھی مسائل ہیں، خسرے کے ویکسین کی قیمت چھ سات ہزار روپے ہے۔ ویکسی نیشن کے حوالے سے ڈس انفارمیشن پھیلائی جاتی ہے پانچ سال کے بچوں کو 37 لاکھ ٹیکے لگائے ہیں۔