• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل گیمز، سوئمر احمد درانی کی ڈبل ہیٹ ٹرک، 4 انفرادی، 2 ٹیم گولڈ میڈلز

کراچی(نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز میں42 کلومیٹر طویل مراتھن پاکستان نیوی کے ایتھلیٹ شہباز مسیح نے جیت لی، واپڈا نے سلور اور نیوی نے برانز میڈل حاصل کیا، سوئمنگ میں آرمی کے احمد درانی نے گولڈ میڈلز کی ڈبل ہیٹ ٹرک کرلی ، انہوں نے چار انفرادی اور دو ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتے۔ان کی چھوٹی بہن آئزہ نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا، خواتین لانگ جمپ میں واپڈا کی فائقہ ریاض نے گولڈ میڈل حاصل کیا یہ ان کا تیسرا گولڈ میڈل ہے۔ مجموعی طور پر آرمی 113گولڈ ،50 سلور اور 34 برانز میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ واپڈا 46 گولڈ،43 سلور اور 34برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے، نیوی 24 گولڈ،21 سلور اور 20برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان آرمی نے خواتین سافٹ بال مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ واپڈا سلور اور پولیس نے برانز میڈل جیتے۔ خواتین والی بال سیمی فائنل میں واپڈا نے اسلام آباد، آرمی نے بلوچستان کو شکست دی ۔ دس ہزار میٹرز کی ریس میں آرمی کے محمد اختر نے گولڈ، واپڈا کے محمد عرفان نے سلور اور صائم نے برانز میڈلز جیتا۔ خواتین کے ہیمر تھرو مقابلوں میں واپڈا کی عظمیٰ اذان نے گولڈ، ایچ ای سی کی ملیحہ سلیم نے سلور اور آرمی کی بختاور نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ مردوں کی200 میٹرز ریس میں آرمی کے عثمان علی نے گولڈ، پی اے ایف کے معید بلوچ نے سلور اور آرمی کے شاہد شفیق نے برانز میڈل حاصل کیا۔ مردوں کی1500 میٹرز ریس میں آرمی کے وقاص اکبر نے گولڈ سہیل انور نے سلورایچ ای سی کے عبدالوہاب نےبرانز خواتین کی رکاوٹوں کی دوڑ میں واپڈا کی غزالہ رمضان نے گولڈ، واپڈا کی امینہ سعید نے سلور اور ایچ ای سی کی عروج شہزاد نے برانز میڈل جیتا۔ مردوں کی400 میٹرز ریس میں آرمی کے محمد اسماعیل نے گولڈ، خواتین کی1500 میٹرز ریس میں واپڈا کی ارم شہزادی نے گولڈ میڈل جیتا۔ تلوار بازی ایف ایس اسٹائل میں ایچ ای سی نے گولڈ، پنجاب نے سلور اور بلوچستان نے برانز میڈل جیتا، ٹیبل ٹینس میں پاکستان آرمی نے مینز اور ویمنز گولڈمیڈلز جیت کر کلین سوئپ کرلیا ہے۔ بیڈ منٹن ٹیم ایونٹ مردوں اور خواتین کے فائنلز میں واپڈا نے آرمی کو ہرایا۔ بیس بال میں آرمی اور واپڈا نے پنجاب اور کے پی کے کو ہراکر فائنل میں قدم رکھ دیا۔ آرمی کے 10مردو خواتین باکسروں نے فائنل میں جگہ بنالی۔ ریسلنگ 61 کے جی میں واپڈا کے حماد بٹ ،74 کے جی میں واپڈا کے عنایت اللہ ، 86 کے جی میں آرمی کے حیدر علی ، 57 کے جی میں واپڈا کے جنید خان نے طلائی تمغے جیتے ۔ شوٹنگ ایونٹ میں نیوی نے چار گولڈ میڈلز پر ہاتھ صاف کیا اور میڈل ٹیبل پر 13گولڈ میڈلز کے ساتھ آرمی کے برابر آگئی۔ خواتین کے50 میٹرز رائفل میں نیوی کی حدیقہ اقبال نے گولڈ میڈل جیتا۔ ٹیم ایونٹ میں نیوی نے گولڈ، آرمی نے سلور اور سندھ نے برانز میڈل حاصل کیا۔25 میٹرزاسٹینڈرڑ پسٹل کے انفرادی مقابلوں میں نیوی کے عبدالقدوس نے گولڈ، نیوی ہی کے ظفر اقبال نے سلور اور آرمی کے ایم شبیر نے برانزمیڈل حاصل کیا جبکہ ٹیم ایونٹ میں نیوی نے گولڈ، آرمی نے سلور اور پی اے ایف نے برانز میڈل لیا۔ ٹریپ کے انفرادی مقابلوں میں آرمی کے کرنل فرخ ندیم نے گولڈ، سندھ نے سلور اور نیوی نے برانز میڈل حاصل کیا۔ مینز رسہ کشی میں پاکستان ریلوے جبکہ خواتین میں واپڈا نے گولڈ میڈل حاصل کیا، مکسڈ ڈبلز میں ریلوے کامیاب ہوئی ۔ باڈی بلڈنگ میں واپڈا نے مختلف وزن کیٹیگریز میں نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے 156 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسلام آباد نے ٹینس ویمنز ٹیم ایونٹ میں واپڈا کو شکست دے کر اپنا پہلا گولڈ میڈل جیت لیا ۔ مینز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں آرمی نے واپڈا کو ہرایا۔

اسپورٹس سے مزید