کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تیسرے ایشز ٹیسٹ کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا ۔ فاسٹ بولر اور کپتان پیٹ کمنز کی واپسی ہوگئی۔ وہ کافی عرصے سے کمر کی تکلیف میں مبتلا تھے اور ابتدائی دو ٹیسٹ میچز نہیں کھیل پائے تھے۔ آسٹریلیا کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا تھا کہ کمنز کی نیٹ سیشنز میں تیاری اطمینان بخش رہی ہے۔ کوئی مسئلہ پیش نہ آیا تو وہ قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجریز کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ٹیم پیٹ کمنز (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، برینڈن ڈوگٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، جیک ویدارلڈ، بیو ویبسٹر پر مشتمل ہے۔