کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کی ڈومیسٹک ٹی 20 چیمپئن شپ سید مشتاق علی ٹرافی کے انتخابی تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا، پانڈیچیری کرکٹ ایسوسی ایشن کے انڈر 19 ہیڈ کوچ ایس وینکٹارمن کو تین مقامی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ تینوں ملزمان تاحال مفرور ہیں۔واقعہ 8 دسمبر کی صبح پیش آیا جب کوچ سی اے پی کمپلیکس کے انڈور نیٹ میں موجود تھے۔ اس دوران سینئر کرکٹرز کارتیکیان، اروند دراج اور سنتوش کمارن وہاں پہنچے اور ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے پر انہیں گالیاں دینے کے بعد حملہ کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اروند دراج نے کوچ کو جکڑ لیا جبکہ کارتیکیان نے سنتوش کمارن کا بیٹ اٹھا کر وار کیا، جس سے وینکٹارمن شدید زخمی ہوگئے۔ ان کے سر میں گہری چوٹ لگی، 20 ٹانکے لگے جبکہ کندھے میں فریکچر بھی آیا۔پولیس کے مطابق زخمی کوچ نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ پانڈیچیری کرکٹرز فورم کے سیکرٹری جی چندرن نے ان کھلاڑیوں کو حملے پر اکسایا تھا۔