کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ویمنز انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں ہراکر سیریز دو دو سے برابر کردی۔ بدھ کو کاکسز بازار اکیڈمی میں پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر بولنگ کی، میزبان ٹیم نے 7 وکٹ پر126 رنز بنائے۔ پاکستان نے19ویں اوور میں چار وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ فضہ فیاض نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 ، کپتان ایمان نصیر نے 4 چوکوں کی مدد سے42 رنز ناٹ آؤٹ ، کومل خان نے 22 رنز بنائے۔ جرین تسنیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کیلئے اچینا جنت 35 ، سمعیہ اختر 20 ، میمونہ نہار نے 24 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ روزینہ اکرم اور میمونہ خالد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ۔ فضہ فیاض پلیئر آف دی میچ رہیں۔ پانچواں اور آخری میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔