کراچی (جنگ نیوز) مقررین نے کہا ہے کہ ڈھائی کروڑ بچوں کا اسکول نہ جانا حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ہمارا پورا نظام تعلیم غلط ترجیحات اور داخلی کمزوریوں کا حامل ہے، مدارس کے نصاب میں تبدیلیاں کرنا ہوںگی اُسے جدید خطوط پر استوارکرنے کی ضرورت ہے، بے روزگاری نوجوانوں میں بے چینی اور مایوسی پیدا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہمدرد فائونڈیشن کی صدر سعدیہ راشد کی موجودگی میں ہمدرد شوریٰ کراچی کے ماہانہ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد، بریگیڈیئر (ر)طارق خلیل، پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالدنے کیا ۔ مبشر میر، انجینئر پرویز صادق، انجینئر ابن الحسن، پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان، کموڈور (ر)سدید انور ملک، عثمان دموہی، ڈپٹی اسپیکر شوریٰ کرنل (ر)مختار احمد بٹ اور دیگر نے کہاکہ نوجوانوں کو نوکری سے زیادہ کاروبار کرنے کی ترغیب دینا ہوگی۔ اس کے لیے یونی ورسٹی کے طلبہ کے اسٹارٹ اپس میں تعاون کرنا چاہیے۔ سوشل میڈیا اور ای کامرس کے ذریعے دنیا بھر کے نوجوان بہت اچھا کما رہے ہیں۔ ہمارے طلبہ بھی باصلاحیت ہیں۔ ہمیں اُن کی حمایت کرنی چاہیے۔