• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی ایچ او کیماڑی میں کورونا ملازمین تاحال تنخواہوں سے محروم

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کیماڑی میں کورونا وائرس کے دوران بھرتی ہونے والے ملازمین تاحال اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں،ڈی ایچ او کا سپرنٹنڈنٹ پر ملازمین کی اصل فہرست فراہم نہ کرنے کا الزام، انتظامی بے ضابطگیوں پر سوالات۔حکومت نے ان ملازمین کی بارہ ماہ کی تنخواہیں ہی ڈی ایچ او کیماڑی کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی تھیں۔ یہ تنخواہیں ڈی ایچ او کی منظوری کے بعد اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے ذریعے ملازمین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہونی ہیں لیکن اب تک یہ عمل تعطل کا شکار ہے۔ سال بھر ڈیوٹی کرنے کے بعد ملازمین کو اب پوری سال کی اکھٹی تنخواہ ملنی ہے جس میں تاخیر انہیں شدید ذہنی کوفت اور مالی مشکلات میں مبتلا کر رہی ہے۔ جنگ کے استفسار پر ڈی ایچ او کیماڑی ڈاکٹر محمد حسین جھتیال نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ شاداب عالم کورونا ملازمین کی اصل فہرست فراہم کرنے سے گریز کر رہے ہیں جس کے باعث تنخواہوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بارہا ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ اور ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کی فہرست طلب کی لیکن سپرنٹنڈنٹ نے مسلسل فہرست دینے سے انکار کیا جس سے انہیں یہ خدشہ ہوا کہ شاید بل میں اصل فہرست سے ہٹ کر کسی کو شامل نہ کر دیا گیا ہو اسی لئے انہوں نے تنخواہوں کے بل پر دستخط نہیں کیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا تبادلہ ہوگیا ہے اور آج ان کی جگہ نئے ڈی ایچ او نے چارج سنبھال لیا ہے، امید ہے کہ نئے ڈی ایچ او اس معاملے کو جلد حل کریں گے۔یاد رہے کہ سپرنٹنڈنٹ شاداب عالم کی اصل تعیناتی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی میں ہے تاہم انہیں قواعد کی خلاف اسائن ٹو ورک کے تحت ضلع کیماڑی میں تعینات کیا گیا ہے جہاں سپرنٹنڈنٹ کی کوئی آسامی موجود نہیں اور ان سے غیر قانونی طور پر اکاؤنٹس آفیسر کا کام لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں موقف لینے کے لئے شاداب عالم سے متعدد بار رابطہ کیا گیا، ان کے موبائل اور واٹس ایپ پر پیغامات بھیجے گئے تاہم خبر کی اشاعت تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ملک بھر سے سے مزید