کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چھوٹے کاشت کاروں کےلئے قرضوں کا طریقہ کار آسان بنا نے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقی ادارے کسانوں کے ساتھ براہ راست کام کریں اور انہیں قابلِ عمل حل فراہم کریں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرِزراعت محمد بخش خان مہر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیرِاعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری زراعت زمان نریجو، سندھ بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو افسر اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو اسد شاہ شرکت کی۔ اجلاس میں جاری منصوبوں اور سندھ کے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے آئندہ حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا،وزیرِاعلیٰ سید مراد علی شاہ نے محکمہ زراعت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زور دیا کہ صوبے میں فصلوں کے پیٹرن کو بتدریج اس طرح تبدیل کیا جائے کہ وہ موسمیاتی حالات، پانی کی دستیابی اور منڈی کی طلب سے مطابقت رکھ سکیں۔زراعت کے شعبے کو جدید، تحقیق پر مبنی اور مالی شمولیت کے اصولوں کے مطابق ترقی دینا ضروری ہے۔