کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہم نہ صرف اسمبلی بلکہ عوام کو بھی جوابدہ ہیں، پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں سے اسمبلی میں آتی ہے، ہمارے پاس کوئی اور فورم نہیں، ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں،وزیر اعلیٰ کے احکامات پر تمام وزراء سندھ کے ہر شہر ہر ضلع میں عوامی مسائل سن رہے ہیں، ہر شہر میں کھلی کچہری ہو رہی ہے۔ سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہر وزیر باری باری سے ایک ایک ضلع میں جا رہا ہے، ان کی کھلی کچہریوں میں تمام عوام کو بلایا جاتا ہے، یہ نہیں پوچھا جاتا ہے کہ کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، تمام ضلع کی انتظامیہ وہاں بیٹھی ہوتی ہے۔ سجاول میں ایک بزرگ پر تشدد کے واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کہیں کوئی ایونٹ ہو رہا ہوتا ہے تو وہاں عوام کا جم غفیر ہوتا ہے۔