کراچی( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان نے اپنے تجزیہ میں کہا کہ سوال یہ اٹھ رہا ہے جنرل فیض کا معاملہ کیا باجوہ تک بھی جائیگا، نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے بات کی مگر جنرل فیض کی سزا کا ذکر تک نہیں کیا، اگلا مرحلہ عمران خان کیلئے خطرہ قرار دیا جارہا ہے۔پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کاروں عاصمہ شیرازی اور منصور علی خان نے بھی گفتگو کی۔پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ یہ قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں کہ جنرل فیض کا معاملہ ان تک نہیں رہے گا بلکہ عمران خان تک بھی جائے گا تو کیا جنرل باجوہ تک بھی جائے گا۔ نوزشریف نےپارٹی رہنمائوں سے بات کی مگر جنرل فیض کی سزا کا ذکر تک نہیں کیا۔ حکومت کا کہنا ہے یہ جنرل فیض کے معاملات فیز ون ہیں کچھ مقدمات باقی ہیں وہ فیز ٹو ہوگا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جیل پہنچے مگر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی انہوں نے کہا دسویں دفعہ آیا ہوں ملنے نہیں دیا جارہا اور جو کہتے ہیں کہ ہم صاحب اختیار ہیں ان سے بات کرنے کو تیار ہوں آئیں ہمارے ساتھ مذاکرات کریں۔