اسلام آباد(این این آئی)قومی علماء و مشائخ کانفرنس میں علماء کرام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور عسکری قیادت کو خراج تحسین کیا ہے۔مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ، سب سے بڑی ضرورت سیاسی و عسکری قیادت کے مضبوط تعلق اور باہمی اتفاق کی ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا وطن کی سرحدوں کی حفاظت سپہ سالار کی ذمہ داری ہے ،اس کے نظریے کی حفاظت علماء کی، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ کسی نام نہاد سیاست دان کو پاک فوج کے سپاہیوں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ بنیان المرصوص نے دنیا میں پاکستان کو عزت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کنونشن سینٹر اسلام آباد میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے ملکی صورتحال، عسکری اقدامات اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے اہم نکات پیش کئے۔جامعہ رشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کو تنبیہ کریں کہ اسلام کے نام پر پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور تمام علماء کو یک زبان ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت سپہ سالار کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کے نظریے کی حفاظت علماء کی، مدارس کے 30لاکھ طالبعلم فوج اور قوم کی رہنمائی کے منتظر ہیں۔