کراچی (سید محمد عسکری) الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل(AHPC)نے بائیوکیمسٹری، مائیکرو بیالوجی اور بائیوٹیکنالوجی کے بی ایس گریجویٹس کی رجسٹریشن ختم کرنے سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے پر عمل درآمد کو فوری طور پر روک دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی کمال سے جمعہ کو بایو کیمسٹ اور مائکرو بیالوجسٹ کے ایک وفد نے ملاقات کی تھی اور انھیں صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے 19 نومبر 2025 کو جاری کردہ خط سے آگاہ کیا تھا جس میں بائیوکیمسٹری، مائیکروبیالوجی اور بائیوٹیکنالوجی کی رجسٹریشن ختم کردی گئی تھی۔ وزیر صحت نے وفد کی بات غور سے سنا اور فوری طور پر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے 19 نومبر کے خط کو معطل کرنے کی منظوری دیدی جس کا باقاعدہ خط بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر ابرار رفیق کے خط میں واضح کیا گیا تھا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کی رجسٹریشن صرف بنیادی گریجویشن ڈگری کی بنیاد پر ایک ہی شعبہ میں دی جائے گی اور صرف میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی (MLT) کے گریجویٹس رجسٹریشن کے اہل ہوں گے جب کہ بائیوکیمسٹری، مائیکروبیالوجی، بائیوٹیکنالوجی یا دیگر متعلقہ فیلڈز میں 16 سالہ تعلیم رکھنے والے امیدوار رجسٹریشن کے اہل نہیں ہوں گے تاہم وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی کمال کی ہدایت کے بعد تاہم اب اس فیصلے پر نظرثانی کا کردی گئی ہے اور اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے لیے شامل کیا جائے گا۔