• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک آرٹس کے طلبہ انٹر پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ میں داخلہ لے سکیں گے

کراچی (سید محمد عسکری) انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (IBCC) نے ملک بھر میں میٹرک آرٹس گروپ کے طلبہ کیلئے اعلیٰ ثانوی سطح پر نئی راہیں کھولتے ہوئے انہیں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی ہے جس کا آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی گِل نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔ آئ بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح کے مطابق 4 اور 5 دسمبر 2025 کو کراچی میں منعقدہ 183ویں اجلاس میں یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات اور مشاورت کے بعد متفقہ طور پر کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، نیشنل کریکولم کونسل (NCC) اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز کی آرا شامل تھیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ داخلہ دینے والے ادارے میرٹ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کم از کم نمبروں کی حد، میرٹ تھریش ہولڈ یا اہلیت/پلیسمنٹ ٹیسٹ لینے جیسےانتظامات کرسکتے ہیں تاکہ تمام امتحانی بورڈز میں یکسانیت برقرار رکھی جاسکے۔ تاہم اس پالیسی کا حتمی نفاذ متعلقہ امتحانی بورڈز اپنے بورڈ آف گورنرز اور مجاز اتھارٹیز سے منظوری کے بعد کریں گے۔آئی بی سی سی نے اپنی قرارداد تمام بی آئی ایس ایز اور بی ٹی ایز کو ارسال کر دی ہے تاکہ وہ ہدایات کے مطابق اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔
اہم خبریں سے مزید