• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے پہلے المنائی ایکسی لینس ایوارڈ کا انعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ’’پہلے المنائی ایکسی لینس ایوارڈ تقریب 2025ء ‘‘ کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا جن میں شاہین اور فتح ون بیلسٹک میزائل پر کام کرنیوالی المنائی شامل ہیں ۔ اسی موقع پر ’’داؤد نارتھ امریکا المنائی چیپٹر (DNAAC)‘‘ کا باضابطہ افتتاح بھی کیا گیا۔ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ اس پروقار تقریب کی مہمان خصوصی معروف میڈیا شخصیت محترمہ سلطانہ صدیقی تھیں۔ تقریب میں ممتاز المنائی ، ماہرین تعلیم، صنعتکاروں، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (نشانِ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے کہا کہ یونیورسٹی کو اپنے المنائی پر فخر ہے، جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ داؤدیونیورسٹی مستقبل میں بھی المنائی روابط کو مزید مضبوط بنائے گی۔ اکیڈمیا کے شعبے میں ڈاکٹر منصور الظفر داؤد اور انجینئر فرحت خان کو ایوارڈ دیا گیا۔ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں بریگیڈیئر انجینئر ظفر مسعود انصاری کو پاکستان کے بیلسٹک میزائل شاہین ون کی تیاری میں خدمات کے صلے میں ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ڈاکٹر مبارک شاہ کو ان کی تحقیقی خدمات پر سراہا گیا۔ انٹرپرینیورشپ کے شعبے میں آرکیٹیکٹ سید عارف شاہ، انجینئر ہمایوں قریشی اور آرکیٹیکٹ اظہر ضیاء الرحمٰن کو اعزازات دیے گئے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید