کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گلشن معمار میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود نادرن بائی پاس جنگل کٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار شخص سے مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ موٹر سائیکل سوار نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی۔فائرنگ سے مذکورہ شخص جاں بحق ہوگیا۔واقعہ کے بعد ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 30 سالہ اصغر ولد علی بخش سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول مری گوٹھ گلشن معمار کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پولیس واقعہ کی مذید تفتیش کررہی ہے ۔واضح رہے کہ رواں برس شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 84 ہو گئی ہے۔