• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوں،منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام، دو ملزمان گرفتار

پشاور (اے پی پی)ڈی آئی جی بنوں سجاد خان اور ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ دو منشیات فروش بڑی مقدار میں آئس کوئٹہ سے بنوں بذریعہ موٹر کار سمگل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اطلاع پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ صدر عصمت اللہ خان نیازی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر کار کو روکا۔ بنوں پولیس ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 3313 گرام خالص آئس برآمد کی گئی۔ پولیس نے موقع پر ہی دو منشیات سمگلرز جاوید ولد میراج الدین سکنہ کم چشمی ڈومیل اور حکمت اللہ ولد محمد حیات سکنہ کوٹکہ عالم خان ڈومیل کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈی پی او بنوں نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ صدر پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنوں پولیس منشیات کے ناسور کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
پشاور سے مزید