• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خزانہ، دوستی تنازعہ پر 23سالہ نوجوان کا قتل،3 دوست گرفتار

پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ خزانہ کی حدود میں دوستی کے تنازعہ پر 23سالہ نوجوان کے قتل الزام میں ان کے3 دوستوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔خزانہ پولیس کے مطابق 3دسمبر کو عارف ٹائون میں قتل واردات پیش آئی، مقتول کے جیب سے جو شناختی کارڈ برآمد ہوا وہ لقمان سکنہ تہکال کاتھا، جب لقمان کے ورثاءسے رابطہ کیاگیا توا نہوں نے بتایاکہ لقمان تو زندہ ہے جبکہ لقمان نے پولیس کو بتایاکہ اس کا مقتول رحمت اللہ کے ساتھ رکشہ خریدوفروخت کا معاملہ تھا جس پر اس نے اسٹامپ پیپرکیلئے اپناشناختی کارڈ دیا تھا۔تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ رحمت اللہ علاقہ عارف ٹائون میں دوستوں کے پاس آیا تھا،موبائل ڈیٹا کے ذریعے پولیس ملزم محمداسد ، اس کے دوستوں جنید اور بشیر تک پہنچی ،پولیس کاکہناہے کہ دوستی کے تنازعہ پر رحمت کی جان لی گئی ہے۔واردات کیلئے ملزم جنید اور بشیر نے پستول اور رکشہ فراہم کیا۔پولیس نے بتایاکہ پستول چلانے سے قبل اس پر تین فائربھی کیے گئے،ملاقات کے دوران رحمت کو کال آئی جس پر ایک ملزم نے پیچھے سے اسے گولی ماردی ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق رحمت پہلے اپنے دوست مسمی(م) کے گھر آیا تھا جہاں اپنی موٹرسائیکل بھی چھوڑ کر اسد کے پاس گیا، قتل واردات کے بعد مقتول کے دوست کو ملزم نے کال کی کہ وہ عارف ٹائون آجائے ،وہ موقع پرپہنچا تو رحمت کی نعش پڑی تھی۔پولیس کے مطابق اس نے مقتول دوست کے موبائل سے سمز نکال کر موبائل وہیں چھوڑ دیا، پولیس اس سے بھی حقائق چھپانے و ثبوت مٹانے پر تفتیش کررہی ہے ۔پولیس کا کہناہے کہ15یا16سالہ ملزم اسد نویں جماعت کا طالبعلم ہے جبکہ وہ عارف ٹائون میں میڈیکل سٹور میں ٹرینی ملازم بھی ہے ۔ ملزم نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اسے مبینہ طور پر دوستی کیلئے تنگ کیاجارہا تھا اور وہ شرم کی وجہ سے یہ بات گھر میں نہیں بتاسکتا تھا۔ ملزموں کی جسمانی ریمانڈ کے بعد انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیاجائے گا۔
پشاور سے مزید