• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ،رہزنی کے دوران شہریوں کی جان لینے والا گروہ سرگرم ڈاکٹر سمیت 3 قتل

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور میں خونی رہزنی کی وارداتیں کرنے والا گروہ سرگرم ، ڈاکٹرکو مبینہ طور پر موٹرسائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا،مقتول کلینک بندکرکے گھر جارہا تھا راستے میں نامعلوم افراد نے گولیاں ماردیں اورفرار ہوگئے۔ 8روزقبل بھی خونی رہزنی کی 2وارداتوں کے دوران تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں موٹرسائیکلوں پر سواری لیجانے والے 2افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیاتھا۔ تھانہ بڈھ بیر پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بصیر اللہ ولد سنگی خیل ساکن باڑہ قمبرخیل نے بتایاکہ اس کا 42سالہ بھائی عمر خیل علاقہ دیر کالونی بازار میں کلینک چلا تا تھا، وہ حسب سابق رات کے 9بجے کلینک بند کرکے بہادر کلے میں واقع گھر جاتا ، گزشتہ رات بھی کلینک سے چھٹی کرکے موٹرسائیکل 125پر گھر جارہا تھاکینال روڈ باڑہ پل کے مقام پر مبینہ طور پر رہزنوں نے اسے روک کر موٹرسائیکل چھین لی اور اسے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتاردیا ۔ مدعی کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔ پولیس نے د مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔ تھانہ مچنی گیٹ کی حدود تیرائی بالا فقیرکلے روڈ پر25سالہ احسان اللہ ولد لعل بادشاہ ساکن محلہ اسلام آباد نشترآباد جبکہ تھانہ مچنی گیٹ کی ہی حدود پجگئی روڈپر 42سالہ گل محمدکو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔دونوں مقتولین موٹرسائیکلوں پر محنت مزدوری کرتے تھے اور پولیس نے ان واقعات میں دفعہ 397 کے تحت مقدمہ درج کیاتھا۔پولیس کے مطابق خونی رہزنی کی وارداتوں کی تفتیش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دےدی گئیں جو ان کیسز کو ٹریس کررہی ہے ۔
پشاور سے مزید