پشاور( جنگ نیوز) مشیر وفاقی ٹیکس محتسب سردار علی خواجہ کی زیر صدارت ریجنل آفس پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صرافہ ،زرگر ز، جمز اینڈ جیولرز ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں، مقامی تاجروں اور جیولری مارکیٹ سے وابستہ کاروباری افراد نے صدر امیر حسین بابر کی قیادت میں شرکت کی۔ اجلاس میں درپیش شکایات کے ازانے کے طریقہ کار اور ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ جیمز اینڈ جیولری سے وابستہ تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی سیکیورٹی اور ان کے ٹیکس سے متعلق معاملات کو ترجیح بنادوں پر حل کیا جائے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار علی خواجہ نے کہا کہ ایف ٹی او کا ادارہ کسی بھی ٹیکس دہندہ شہری یا تاجر کی شکایت کو بغیر کسی سفارش یا پیچیدہ کاروائی کے فوری طور پر حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے تاجروں کو بتایا کہ وہ ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر ٹیکس حکام کو غفلت یا غیر ضروری کاروائی کےخلاف براہ راست ان سے رجوع کر سکتے ہیں تاہم انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ سیکیورٹی اور پولیس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ فورم کو اپروچ کیا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا مشن تاجروں اور ٹیکس حکام کے درمیان اعتماد اور شفافیت کو فروغ دینا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات کم ہوں اور ریلیف فراہم ہو سکے۔