پشاور(جنگ نیوز) کمشنر بنوں ڈویژن خالد محمود نے لکی سیمنٹ کی طرف سے پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت علاقے کے بے روزگار افراد کو آٹو رکشے فراہم کردیئے، اس سلسلے میں درہ پیزو میں منعقدہ تقریب میں لکی سیمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعمان حسن، چیئرمین غزنی خیل تحصیل کونسل ذیشان محمد خان،پیزو پلانٹ کے ڈی جی ایم محمد انور طارق، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گوہر علی اور دیگر حکام اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ کمشنر بنوں نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خوش نصیب افراد کو آٹو رکشہ کی چابیاں حوالے کیں، اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجر محمد انور طارق کا کہنا تھا کہ یہ اقدام مقامی کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی مسلسل کاوشوں کا مظہرہے جو کمیونٹی ویلفیئر اور معاشی ترقی کے منصوبوں کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعمان حسن نے کہا کہ لکی سیمنٹ مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے آٹو رکشہ فراہمی کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کے بعد مستقبل میں اسے وسعت دی جائے گی اور اس منصوبے سے مزید لوگ بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں روزگار کے لئے ہر کسی کو نہیں سمویا جاسکتا اس لئے کوشش ہے کہ مقامی لوگوں خاص کو نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے منصوبے شروع کئے جائیں اس سلسلے میں نوجوانوں کو پشاور کے معیاری اداروں میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ بھی دی جارہی ہے، ان اقدامات سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور علاقے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔