اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم اے پی ایس کے خاندانوں کی استقامت کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنے غم کو پاکستان کے لیے طاقت میں بدلا، جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں یا ہمارے بچوں کو نشانہ بنائیں، اُن سے کسی قسم کے مذاکرات، مفاہمت اور مصالحت نہیں ہو سکتی،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دلخراش سانحے میں شہید ہونے والے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد،مشترکہ جدوجہد ناگزیز ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا ہے کہ برسوں گزر جانے کے باوجود سانحہ اے پی ایس کا درد آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پر اپنے اپنے پیغام میں کیا ہے ۔ صدر زرداری نے پیغا م میں کہا کہ آج ہم آرمی پبلک اسکول کے اُن معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو گیارہ سال قبل، 16 دسمبر 2014 کے سفاک دہشتگرد حملے میں شہید ہوئے، اُن کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں ہماری قوم نے کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ہم اُن خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو آج بھی یہ دکھ حوصلے اور وقار کے ساتھ سہ رہے ہیں۔