راولپنڈی (حافظ وسیم اختر، اسٹاف رپورٹر) اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے معاملے پر عمران خان کی بہنوں،پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 400 افراد کیخلاف دہشت گردی و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ایف آئی آرکے متن کے مطابق ملزموں نے پٹرول بم پھینکے،حکومت پاکستان اور اداروں کیخلاف نعرہ بازی کی، اہل علاقہ کی جان ومال کو خطرہ میں ڈالا گیا، جیل کے قریب فیکٹری کی دیوارپر سرخ سیاہی سے804 تحریرکیا،دوسری جانب پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں اور دھرنے میں بیٹھے پرامن کارکنوں پر کیمیکل ملا پانی پھینکا گیا، بزرگوں اور مظاہرین پر کیمیکل ملا پانی پھینکا گیا، جسمانی تشدد کیا گیا اور متعدد کارکنوں کو زبردستی گرفتار کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا کے معاملے پر عمران خان کی تین بہنوں اورپی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 400 افراد کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے 14 ملزموں کو موقع سے گرفتار کر لیا، ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7،دفعہ 21-1،اقدام قتل کی دفعہ 324، ریاست پر حملے کی مجرمانہ سازش کی منصوبہ بندی کی دفعہ120 بی، کار سرکار میں مزاحمت کی دفعہ، اعانت مجرمانہ، خلاف قانون مجمع کی دفعہ ،دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔ تھانہ صدربیرونی میں انچارج اڈیالہ پولیس چوکی سب انسپکٹر محمد عمران خان کی مدعیت میں درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان، نورین خان نیازی، قاسم خان، سلمان اکرم راجہ، عالیہ حمزہ، راجہ ناصر عباس، نعیم پنجوتھا، تابش فاروق، طیبہ راجہ، شوکت بسرا، نادیہ خٹک، راجہ اسد عباس، ظفر گوندل، شفقت عباس، طارق ساہی ،عثمان جوڑا سمیت 35افراد کو نامزد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ آئی ایس ایف عہدیداروں سمیت تین چار سو دیگر ملزمان شامل ہیں۔