اسلام آباد (جنگ رپورٹر،خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری کیس قابل سماعت قراردینے کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا ،انھوں نے چیف جسٹس سرفراز ڈو پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باقاعدہ شکایت بھی دائر کر دی اور سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل کی استدعا کی ہے۔ جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی متفرق درخواستوں میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو بینچ سے الگ ہونے، فل کورٹ تشکیل دینے اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ، جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف کیس آج سماعت کیلئے مقرر ہے۔ تینوں متفرق درخواستوں کو بھی اعتراضات سمیت آج سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ جسٹس طارق جہانگیری نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حکمنامہ فیئر ٹرائل کے آرٹیکل 10اے کے خلاف ہے ، درخواست گزار کے مطابق چیف جسٹس، سرفرازڈوگرنے ان پرمستعفی ہونے کے لئے دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ پوسٹ ڈیٹڈ استعفیٰ دے دیں۔