کراچی( ٹی وی رپورٹ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ تحریک کے حوالے سے اچکزئی اور علامہ ناصر کا فیصلہ قبول کرینگے،وفاقی حکومت کے ساتھ جتنی ورکنگ ریلیشن ہونی چاہئے وہ ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نےبھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسے کون سے حالات ہیں کہ وہاں گورنر راج لگایا جائے؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کہہ چکے ہیں کہ وفاق گورنر راج لگانا چاہتا ہے تو شوق پورا کرلے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جتنی ورکنگ ریلیشن ہونی چاہئے اتنی موجود ہے۔ تحریک کے حوالے سے اچکزئی اور علامہ ناصر عباس جو فیصلہ کریں گے پارٹی اُسے قبول کرے گی چاہے وہ اسلام آباد مارچ ہو دھرنا ہو جلوس ہو مذمت ہو یا مذاکرات ہوں اس فیصلے کو پارٹی کی مرکزی قیادت صوبائی قیادت اور صوبائی حکومت اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ سہیل آفریدی نے این ایف سی اجلاس میں بھرپور طریقے سے اپنا موقف رکھا۔