کراچی (اسد ابن حسن) ایک اور NCCIA افسر کو اغوا کرنے کی کوشش، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان بچنے میں کامیاب،نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان حبیب کو منگل کی رات دیر گئے ان کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔ سی سی ٹی وی کیمرے اور مذکورہ افسر کے مطابق تقریبا تین گاڑیوں میں 15 سے 20 نامعلوم مسلح افراد ان کی رہائش گاہ پہنچے، گھر والوں سے سختی سے ان کے متعلق پوچھا گیا۔ اسی دوران مذکورہ افسر عقبی دروازے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مسلح افراد ان کے دوست کو ساتھ لے گئے اور پھر کچھ دور جا کر اس کو چھوڑ دیا۔ واضح رہے کہ این سی سی آئی اے کے خلاف اپریشن کے دوران اسلام آباد ہیڈ کوارٹر میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عثمان بھی "باضابطہ" طور پر اغوا ہوئے جبکہ لاہور کے افسران کافی دنوں تک "غائب" رہے۔ اسی خوف سے اب بھی کئی افسران جن میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ شامل ہیں اب بھی انڈر گراؤنڈ ہیں اور انہوں نے اپنے موبائل فونز بند کر رکھے ہیں ڈیڑھ ماہ سے۔ اسلام آباد میں درج مقدمے میں بھی آٹھ افسران انڈر گراؤنڈ ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ این سی سی آئی اے کے فیز ون کے تقریبا تمام افسران ہی یا تو گرفتار ہیں یا پھر او ایس ڈی بنا دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان حبیب فیز تھری میں بھرتی ہوا تھا اور ملتان سرکل میں کافی فعال تھا۔