ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیمیں نجی ہسپتالوں کے مالکان اور ڈاکٹروں کو باقاعدہ ہراساں کر رہی ہیں ان ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں تک کو 8 سے 10 افراد پر مشتمل ٹیمیں ہراساں کرتی ہیں اگر کسی مریض کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے خلاف دیں گے جبکہ اچانک چھاپوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو جنوبی پنجاب کے تمام نجی ہسپتالوں/ کلینکس پر سروسز دینا بند کر دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ہسپتال مالکان اور نجی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، ایف بی آر وفاقی ادارہ ہے لیکن پنجاب کے علاوہ ملک کے کسی اور صوبے میں اس نوعیت کے اقدامات نہیں کیے جا رہے، کسی بھی دوسرے پروفیشنل شعبے پر اس نوعیت کے ٹیکسز نافذ نہیں کیے جا رہے، جبکہ نجی ہسپتالوں اور وہاں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو نشانہ بنانا ناانصافی اور قابلِ مذمت ہے۔