کراچی( ٹی وی رپورٹ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پوزیشن ہر گھنٹہ بدلتی ہے، نائب صدر تحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آئین اور نئے میثاق پر حکومت سے بات چیت کے لئے ہم تیار ہیں، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے تیرہ میں کہا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کردینی چاہئے ۔چیئرمین انٹرلوپ، رکن اکنامک ایڈوائزری کونسل مصدق ذوالقرنین نےکہا کہ پبلک سیکٹر میں ایئر لائن کہیں کامیاب نہیں ہے سوائے مڈل ایسٹ کے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کررہے تھےـ۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ وزیراعظم نے کل پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی پھر آج علیمہ خان نے اپوزیشن اتحاد سے ملاقات کی اور اس دوران شیخ وقاص کا بیان سامنے آگیا انہوں نے حکومت سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔ نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی کے مطابق پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مذاکرات کی آفر کو خالصتاًدوغلا پن قرار دے کر مسترد کر دیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں فورم نے دہشت گردی جرائم اور مخصوص سیاسی مفادات کے گٹھ جوڑ کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر قومی سلامتی کے لئے براہ راست خطرہ ہیں اور انہیں برداشت نہیں کیا جائے گا۔