اسلام آباد(نیو زرپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنےپیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ایمان، اتحاد، تنظیم درخشاں مستقبل کی ضمانت ہیں ، 149 ویں یوم پیدائش پر پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انہیں دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال قائد اعظم کا یوم پیدائش پوری قوم کے لیے تجدید عہد کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم انفرادی اور بحیثیت مجموعی قومی سطح پر قائداعظم کے رہنما سیاسی اصولوں ، ریاستی فلاح و بہبود اور دائمی معاشرتی اصلاح کی تعلیمات پر موثر انداز میں عمل پیرا ہوں۔ قائداعظم نے پاکستان کے نظام ریاست میں بلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنماء اصولوں کا درس دیا۔