• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمراں امریکی اشاروں پر قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی سے باز رہیں، فضل الرحمٰن

سکھر (بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمران امریکی اشاروں پر قرآن و سنت کیخلاف قانون سازی سے باز رہیں، امریکا جسے خطرناک سمجھے ہمارے حکمران بھی ویسا ہی سمجھتے ہیں،ہم وہ مولوی نہیں کہ آپ سامنے بٹھائیں اور ہم مداح سرائی کریں،وطن سے محبت کا پیمانہ اسٹیبلشمنٹ کی خوشامد رہ گیا ہے، ہمیں جو نظر آئے گا وہ اسی طرح بیان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حمادیہ مظہر العلوم منزل گاہ سکھر میں منعقدہ دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہاکہ ہم اسٹیبلشمنٹ ،بیورو کریسی کو ہم دشمن نہیں بلکہ پاکستانی سمجھتے ہیں، وہ ہماری وفاداری، دوستی قبول کرے، ہمارے حکمران اسٹیبلشمنٹ کے ہر ادارے کو سلام کرتے ہیں۔ کسی کو پاکستان سے کتنی ہی محبت کیوں نہ ہو، محبت کا پیمانہ یہاں کی اسٹیبلشمنٹ کی خوشامد کرنا ہے۔ اگر ہم نے حکمرانوں کو اسلام کیخلاف کردار ادا کرتے دیکھا تو خدا کی قسم ہم ان کیخلاف بات کریں گے۔ جو نظر آئے گا اسی طرح بیان کریں گے، ہم وہ مولوی نہیں کہ آپ سامنے بٹھائیں اور ہم مداح سرائی کریں۔ پاکستان کوکامل اسلامی ریاست بنائیں گے۔ حکمرانوں پر واضح کردیاہےکہ اگر امریکا کے اشارے پر قرآن و سنت کیخلاف قانون سازی ہوتی ہے اور اگر انگریز والا زہر تم میں موجود ہے تو یاد رکھو کہ اس کے خلاف جہاد کرنے کے جراثیم ہم بھی رکھتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید