کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں سندھی، بلوچستان، گلگت بلتستان کے کلچر ڈیز سمیت تمام مذہبی تہوار منائے جاتے ہیں، اور آج مہاجر کلچر ڈے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم تلے منایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے مہاجر کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس ہر ثقافت اور ہر طبقے کی نمائندگی کا مرکز ہے اور مہاجر کلچر ڈے کا انعقاد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہجرت کرنے والوں کا دل کھول کر استقبال کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے واضح کیا کہ قوم پرستی کی بنیاد پر نفرت پھیلانے والوں کو نہ صوبے میں پنپنے دیا جائے گا اور نہ ملک میں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے بننے والا پاکستان کسی صورت بگاڑنے نہیں دیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بولنے والوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔