اسلام آباد(کامرس رپورٹر)حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان204ارب 50 کروڑ روپے کے دو اہم منصوبوں پر دستخط ہوگئے۔ ان میں 330 ملین ڈالر (92ارب 45 کروڑ روپے )مالیت کا سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن اسٹرینتھننگ پراجیکٹ اور سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی ٹرانسفارمیشن کا 400 ملین ڈالر (112ارب روپے ) کا پروگرام شامل ہے۔اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافان کے مطابق ایس او ایز پروگرام حکومتِ پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا‘ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ ٹرانسمیشن منصوبہ آنے والے پن بجلی کے منصوبوں سے 2,300 میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل کو ممکن بنائے گا، موجودہ ٹرانسمیشن لائنوں پر اضافی بوجھ کو کم کرے گا اور ہنگامی حالات میں نظام کی مضبوطی میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری ملکیتی ادارے (ایس او ایز) کا ٹرانسفارمیشن پروگرام، ایس او ای ایکٹ 2023 اور ایس او ای پالیسی 2023 پرمؤثرعملدرآمد کو مضبوط بنائے گا، بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) پر توجہ دیتے ہوئے ادارہ جاتی و عملیاتی کارکردگی میں بہتری لائے گا۔