کراچی (رفیق مانگٹ) عالمی سطح پر اسرائیل کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا ہے، جہاں تازہ ترین نیشن برانڈز انڈیکس 2025 کے مطابق اسرائیل دنیا کے بدترین امیج رکھنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی ساکھ میں 6.1 فیصد کی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اب عالمی تنقید صرف اسرائیلی حکومت یا فوج تک محدود نہیں رہی بلکہ اسرائیلی عوام کو بھی غزہ میں ہونے والے واقعات کا ذمہ دار سمجھا جا رہا ہے۔ کئی ممالک میں اسرائیلی شہریوں کو ناپسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے عالمی سطح پر تنہائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔نیشن برانڈز انڈیکس کے مطابق خاص طور پر جنریشن زی (18 سے 24 سال) اسرائیل کو ایک نوآبادیاتی، زہریلی اور لبرل اقدار سے متصادم ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوجوان نسل کے رویے نے اسرائیل کے عالمی امیج کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔