کراچی( ٹی وی رپورٹ) صحافی اور تجزیہ کار عمر چیمہ، منیب فاروق اور افتخار فردوس نے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کسی دبائو میں نہیں ہیں، آج کی اسٹیبلشمنٹ میں جو نفرتِ عمران ہے وہ ہر جگہ آپ کو نظر آئے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے وزیراعظم کی دعوت پر رضا مندی کا اظہار کر دیاہے۔نمائندہ جیو نیوز ابو بکر صدیق کے مطابق شیخ وقاص نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات پر تحریک تحفظ آئین کے اتحادی محمود خان اور علامہ راجا ناصر فیصلہ کریں گے عمران خان نے ان دونوں کو یہ اختیار دیاہے عمران خان نے پی ٹی آئی کی قیادت کو کسی قسم کے مذاکرات سے منع کیا ہے۔ آج سہیل آفریدی نے بھی کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اور علامہ راجا ناصر کو دیا ہے اور مذاکرات یا مزاحمت جو بھی ہدایات آئیں گی اس پر عمل کیا جائے گا عمران خان نے اسٹریٹ مومنٹ کی ہدایت کی ہے اور اس کو پیک پر لے کر جائیں گے۔ تاجکستان بھی افغانستان کی سرحد سے متاثر ہو رہا ہے تاجکستان کا افغان طالبان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔