کابل (این این آئی/نیوزڈیسک )افغان سرزمین سے پھر دہشت گردی ‘تاجکستان میں چیک پوسٹ پر حملہ ‘ مسلح جھڑپ میں تاجک بارڈر گارڈ کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔تاجک حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں افغانستان سے آئے3دہشت گرد مارے گئے ۔دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں ہتھیار‘گولہ بارود‘دستی بم اور نائٹ ویژن ڈیوائسز(رات کو دیکھنے والے آلات )برآمدہوئے ہیں ۔تاجکستان کے حکام نے اس واقعے پر افغانستان میں طالبان حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے لیے اپنی بین الاقوامی ذمے داریاں پوری کرنے میں غیر سنجیدہ ہے اور بار بار غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ تاجکستان کی سکیورٹی کمیٹی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ طالبان حکومت اس واقعے پر تاجکستان کے عوام سے معافی مانگے گی اور سرحد پر سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔