پیرس(رضا چوہدری/نمائندہ جنگ) پیرس میں روس یوکرین جنگ پر فیصلہ کن عالمی مشاورت، 35ممالک کی شرکت، یوکرین کیلئے سیکورٹی گارنٹی، جارحیت کی شکل میں مشترکہ ردعمل اور ملٹی نیشنل فورسز کے کردار پر تبادلہ خیال، پیرس میں شدید برف باری اور سردی میں روس یوکرین کے درمیان جنگ میں یوکرین کی سلامتی اور مستقبل کے امن معاہدے کے حوالے سے ایک اہم عالمی اجلاس منعقد ہوا جسے “رضاکارانہ “ مشاورت کہا جاتا ہے۔ اس اجلاس میں یوکرینی صدر ولودیمیر زلنسکی کے ساتھ ساتھ 35 ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جن میں 27 سربراہان مملکت یا حکومت بھی شامل ہیں۔ اجلاس، روس یوکرین جنگ کے حل اور یوکرین کے لیے مضبوط سیکیورٹی گارنٹیوں پر بات چیت کے لیے بلایا گیا ہے، خاص طور پر اس صورت میں جب جنگ بندی کا کوئی معاہدہ عمل میں آئے۔ شرکاء کا مقصد یہ ہے کہ یوکرین کو مستقبل میں کسی بھی روسی جارحیت سے بچانے کے لیے قانونی اور عملی ضمانتیں فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں شریک رہنما یوکرین کے لیے سلامتی ضمانتوں پر مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔